بارہواں ورلڈکپ انگلینڈ اینڈ ویلز میں 30 مئی سے شروع ہو گا جہاں افتتاحی مقابلے میں میزبان انگلینڈ اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں نبردآزما ہوں گی۔ انگلینڈ کے ٹیسٹ فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ نے پیشگوئی کی ہے کہ اس دفعہ جوئے روٹ ورلڈکپ کے ٹاپ اسکورر ہوں گے۔ جوئے روٹ کے مقابلے میں جو کھلاڑی ہوں گے ان میں ویرات کوہلی، کین ویلیمسن اور بابر اعظم جیسے بیٹسمین شامل ہیں جو ون ڈے کرکٹ میں مسلسل رنز اسکور کرتے آ رہے ہیں۔ گزشتہ ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹسمین مارٹن گپٹل 547 رنز بنا کر ٹاپ بیٹسمین تھے۔ 2011 کے عالمی کپ میں سری لنکا کے تلکرتنے دلشان نے 500 رنز اسکور کیے تھے۔ 2007 کے میگا ایونٹ میں میتھیو ہیڈن 659 رنز بنا کر ٹاپ اسکور رہے تھے۔ 2003 کے ورلڈکپ میں بھارتی بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے 673 رنز بنائے تھے جو ایک عالمی کپ میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔