چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم میں صرف پندرہ کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والوں کی تعداد زیادہ ہے اس لیے ایک وقت میں سب کو موقع نہیں دیا جا سکتا۔ انضمام الحق نے کہا کہ میری یا سلیکشن کمیٹی کے دیگر ممبران کی کھلاڑیوں کے ساتھ کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے، ہمیں اچھا پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں میں سے کچھ کھلاڑی منتخب کرنے پڑتے ہیں تاکہ ٹیم کا کمبینیشن اچھا بنا سکیں۔ انضمام الحق نے وہاب ریاض کے حوالے سے کہا کہ انھوں نے پی ایس ایل فور میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا مگر اس کے باوجود انھیں ٹیم میں شامل نہ کرنے کی وجہ موجود ہے۔ انھوں نے کہا مجھ سے ہر جگہ سوال کیے جا رہے ہیں کہ وہاب ریاض کو ٹیم میں کیوں شامل نہیں کیا؟ انضمام الحق نے مزید کہا کہ انھیں شامل کرنے کے مشورے تو دیے جا رہے ہیں مگر کوئی یہ نہیں بتا رہا کہ اگر وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کریں تو کس کھلاڑی کی جگہ شامل کریں جو کہ ایک انتہائی مشکل فیصلہ ہے۔