امن دشمنوں نے ایک سال دس دن کے وقفے کے بعد ایک بار پھر داتا کی نگری (لاہور) کو لہو لہان کر دیا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق یہ حملہ خودکش تھا جبکہ حملہ آور کی عمر 16-15 سے بتائی جا رہی ہے۔ دہشتگردی کے اس واقعہ میں داتا دربار کی سیکیورٹی پر موجود ایلیٹ اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں چار پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد شہید ہو گئے جبکہ 21 زخمی ہیں۔
لاہور میں ہونے والے دہشتگردی کے اس اندوہناک واقعہ پر کرکٹرز بھی رنجیدہ نظر آئے۔ محمد حفیظ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے افراد کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
اظہر علی نے بھی متاثرہ افراد کے اہلخانہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ سب کو دہشتگردی سے محفوظ رکھے۔ اس کے علاوہ شعیب ملک، وہاب ریاض، بلاول بھٹی اور قومی ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود نے بھی شہداء اور زخمی افراد کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی۔