آسٹریلیا کے ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نوجوان فاسٹ بولر جھے رچرڈسن کندھے کی انجری کی وجہ سے میگا ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ شارجہ میں پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں فیلڈنگ کے دوران جھے رچرڈسن انجری کا شکار ہوئے تھے۔ اس سے قبل انھوں نے بھارت کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں شاندا بولنگ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات وکٹیں حاصل کیں تھیں۔ آسٹریلیا نے اس سیریز میں بھارت کے خلاف 2-3 سے فتح اپنے نام کی تھی۔ آسٹریلوی ٹیم کے فزیوتھیراپسٹ ڈیوڈ بیکلے نے کہا کہ یہ ٹیم کے لیے بہت افسوسناک خبر ہے کہ جھے رچرڈسن ورلڈکپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ رچرڈسن نے فٹنس بحالی پروگرام کے دوران بہت محنت کی لیکن نیٹس میں وہ اس طرح بولنگ نہیں کر سکے جس طرح پہلے کرتے آ رہے تھے۔ جھے رچرڈسن کی جگہ فاسٹ بولر کین رچرڈسن کو آسٹریلیا کی ورلڈکپ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔