ورلڈکپ کی دفاعی چیمپئن ٹیم آسٹریلیا کی ورلڈکپ تیاریوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ نیوزی لینڈ الیون نے آسٹریلیا کو سات وکٹوں سے شکست دے کر کینگروز کی ورلڈکپ تیاریوں کا پول کھول دیا۔ آسٹریلیا کے خلاف پریکٹس میچ میں نیوزی لینڈ الیون نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا کے اوپنر زیادہ دیر کریز پر ٹھہر نہ سکے۔ اسٹیو اسمتھ نے 89 اور عثمان خواجہ نے 56 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 277 تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ الیون نے اپنی پہلی وکٹ صرف ایک رن پر گنوا دی۔
ول ینگ نے 130، کپتان ٹام لیتھم نے 69 اور جارج ورکر نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو دن میں تارے دکھا دیے۔ آسٹریلوی ٹیم میں اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی واپسی کے بعد کینگروز کو میگا ایونٹ کی فیورٹ ٹیموں می شمار کیا جا رہا ہے مگر نیوزی لینڈ الیون کی نوجوان ٹیم کے ہاتھوں بڑے مارجن سے شکست آسٹریلیا کیلئے پریشان کن بات ہے۔