انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر اینڈریو فلنٹوف نے ہر صورت میں جوفرا آرچر کو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اینڈریو فلنٹوف نے کہا کہ انگلینڈ کی پندرہ رکنی ٹیم سے کسی کو بھی ڈراپ کر کے جوفرا آرچر کو ورلڈکپ اسکواڈ میں لازمی شامل کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ جوفرا آرچر ایک زبردست بولر ہیں اور وہ مخالف ٹیموں کو سرپرائز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اینڈریو فلنٹوف نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ گراہم تھورپ کو ڈراپ کرنا کسی بھی صورت آسان فیصلہ نہیں تھا مگر 2005 کی ایشیز سیریز میں انھیں ڈراپ کر کے کیون پیٹرسن کو لایا گیا اور پیٹرسن نے ٹیم کو ایشیز سیریز جتوا دی۔
جوفرا آرچر کو پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں انگلش اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے اور اگر وہ اچھی پرفارمنس دینے میں کامیاب رہے تو انھیں ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔