پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور شہرت یافتہ اسپنر ثناء میر دنیا کی کامیاب ترین اسپنر بننے سے ایک وکٹ کی دوری پر ہیں۔ ثناء میر مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والی اسپنر بن گئی ہیں۔ ثناء میر نے جنوبی افریقہ کے شہر پوشٹروم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک وکٹ لی جس کے بعد ان کی وکٹوں کی تعداد 146 ہو گئی ہے۔
ثناء میر نے جنوبی افریقہ کی بیٹر اینڈری اسٹین کی وکٹ لے کر ون ڈے کرکٹ میں 146 شکار مکمل کیے۔ ویسٹ انڈیز کی اسپنر انیسا محمد اور آسٹریلیا کی لیسا استالیکر نے بھی ون ڈے کرکٹ میں 146، 146 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ سیریز کے آخری میچ میں ثناء میر مزید ایک وکٹ حاصل کر کے ویمن ون ڈے کی کامیاب ترین اسپنر کا اعزاز اپنے نام کر سکتی ہیں۔