سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کے بچپن کے کوچ کیشو بینرجی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویرات کوہلی میچ کی صورتحال کو اس طرح کنٹرول کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے جو دھونی کے پاس ہے۔ انھوں نے کہا کہ میچ کے دوران ویرات کوہلی جب بھی مشکل میں ہوتے ہیں تو وہ مہندر سنگھ دھونی سے مشورہ لینے جاتے ہیں۔ کیشو بینرجی نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم میں دھونی نہ ہوتے تو کوہلی کی مدد کے لیے کوئی موجود نہ ہوتا کیونکہ بطور کپتان انھیں ابھی ٹائم کی ضرورت ہے۔ ویرات کوہلی بھی کئی دفعہ اس بات کا اقرار کر چکے ہیں کہ وہ خوش قسمت ہیں کیونکہ دھونی ابھی تک ٹیم میں موجود ہیں۔ ورلڈکپ میں مہندر سنگھ دھونی کی بیٹنگ پوزیشن پر گفتگو کرتے ہوئے کیشو بینرجی نے کہا کہ انھیں چار نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے کیونکہ ان کو کریز پر سیٹ ہونے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے اور جب وہ ایک بار سیٹ ہو جائیں تو اختتامی اوورز میں جارحانہ کھیل پیش کر سکتے ہیں۔