فاسٹ بولر محمد عامر کو پاکستان کے ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرنے کیلئے کئی سابق کرکٹرز آواز بلند کر چکے ہیں اور اب سابق کپتان وقار یونس نے بھی عامر کو ورلڈکپ ٹیم کیلئے لازم قرار دے دیا ہے۔ انگلینڈ کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے بولرز کی خوب پٹائی ہوئی تھی اور انگلینڈ نے 373 رنز اسکور کیے تھے۔ پاکستانی بولنگ کی اس مایوس کن کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ اس بولنگ اٹیک میں ایک تجربہ کار بولر کی سخت ضرورت ہے جو کہ وکٹ لے سکے، ضرورت پڑنے پر رنز بچا سکے اور یہ کمی صرف محمد عامر ہی پوری کر سکتے ہیں۔ وقار یونس کا کہنا تھا کہ اس ٹیم کے بولرز میں بھرپور صلاحیت موجود ہے لیکن تجربہ کسی کے پاس نہیں۔ انھوں نے کہا میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ محمد عامر اور جنید خان دونوں پاکستان ٹیم کے سب سے سینیئر بولر ہیں اور دونوں ہی ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔ سابق کپتان نے کہا عامر پر اضافی دباؤ ڈالنے کے بجائے انھیں ورلڈکپ کیلئے گرین سگنل دے دینا ہی بہتر ہو گا۔