انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر نے پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 50 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے پاکستانی بولنگ لائن اپ کے پرخچے اڑا دیے تھے۔ جوز بٹلر نے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 چوکے اور 9 چھکے لگائے جس وجہ سے انگلینڈ کی ٹیم 373 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان 361 رنز بنا سکا اور انگلینڈ نے میچ 12 رنز سے جیتا تھا۔
قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مکی آرتھر نے جوز بٹلر کی بیٹنگ پر گفتگو کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ مجھے نہیں پتا کہ بٹلر کو کس طرح کی بولنگ کروائی جائے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ میں نے اپنے بولرز سے بھی پوچھا لیکن انھوں نے بھی کوئی جواب دیا نہیں دیا۔ ہیڈکوچ نے کہا کہ اب ہمیں جوز بٹلر کو روکنے کا نہیں بلکہ آؤٹ کرنے کا پلان بنانا ہو گا کیونکہ اگر وہ کریز پر رک جائیں تو بہت خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔