ماؤں کے عالمی دن پر کرکٹرز نے بھی اپنی اپنی ماؤں کو خراج تحسین پیش کیا اور نہ صرف سوشل میڈیا پر ان کے لیے محبت بھرے پیغامات لکھے بلکہ تصاویر بھی پوسٹ کیں۔ وہاب ریاض نے اپنی والدہ کو ماؤں کے عالمی دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جتنا کچھ ہماری مائیں ہمارے لیے کرتی ہیں ان سب چیزوں کا شکریہ ادا کرنے کے لیے ایک دن کافی نہیں ہے مگر پھر بھی میں یہ کہے بغیر نہیں رہ سکتا کہ آپ میرے دل کی شہزادی ہیں۔
حسن علی نے لکھا کہ میں اپنی والدہ سے بہت متاثر ہوں اور وہ میرا سب سے مضبوط سہارا ہیں۔ انھوں نے لکھا کہ اپنے ہر اچھے اور برے لمحات میں امی کو ہمیشہ شامل رکھتا ہوں، انھیں فون کرتا ہوں حتیٰ کہ غیرملکی دوروں کے دوران کھانا پکانے میں بھی ان سے مدد لیتا ہوں۔ عمر اکمل بھی اپنی والدہ سے پیار کے اظہار میں پیچھے نہ رہے مگر وہ افسردہ نظر آئے کیونکہ ان کی والدہ حیات نہیں اس لیے انھوں نے اپنے میں مختصر پیغام میں لکھا کہ مجھے آپ کی یاد آ رہی ہے۔
ماؤں کے عالمی دن پر سچن ٹنڈولکر نے اپنی والدہ کو کیک پیش کیا اور ایک مشہور قول لکھا کہ خدا ہمیں نظر نہیں آتا اس لیے اس نے ہمیں ماؤں سے نوازا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیرن سیمی، فاف ڈوپلیسی، اظہر علی اور دیگر کرکٹرز نے بھی اپنی اپنی والدہ سے محبت کا کھل کر اظہار کیا۔