انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ورلڈکپ کے لیے حتمی 15 رکنی ٹیم منتخب کرنے کا فیصلہ بہت مشکل ہو گا۔ اوئن مورگن نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلنے والی 17 رکنی ٹیم سے دو کھلاڑی ڈراپ ہو جائیں گے۔ انگلش ٹیم کے کپتان نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران لیام پلنکٹ اور ڈیوڈ وِلے نے پریشر صورتحال میں بہت اچھی بولنگ کی، ان سے جتنی توقعات بڑھیں انھوں نے اتنا ہی پرفارم کر کے دکھایا لیکن دونوں کھلاڑیوں کی اس طرح تعریف نہیں کی گئی جیسے باقیوں کی گئی۔ انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں 12 رنز سے کامیابی اپنے نام کی تھی جبکہ پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ کل برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہو گا۔