گزشتہ دنوں دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے بگ بیش لیگ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی تو کئی ٹیموں نے انھیں خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی لیکن اب انھوں نے بگ بیش لیگ کھیلنے کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ڈویلئیرز کی جانب سے فیصلہ واپس لینے کے باوجود انھیں اچھی آفرز کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے اے بی ڈویلیئرز کی منیجمنٹ اور بگ بیش ٹیموں میں بات چیت جاری ہے۔ براڈکاسٹرز اور کرکٹ آسٹریلیا نے مل کر اے بی ڈویلیئرز کو 3 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کی پیشکش کی تھی۔ رپورٹ کے مطابق براڈکاسٹرز اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان بگ بیش کی بڑی ڈیل ہوئی ہے اور اب کرکٹ آسٹریلیا کو براڈکاسٹرز کو مطمئن کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آندرے رسل نے بھی بگ بیش لیگ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے لیکن وہ بھی شرکت کے لیے 3 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔