وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے ایک مرتبہ پھر قومی سلیکشن کمیٹی کے فیصلوں پر سوالات اٹھا دیے۔ کامران اکمل نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں ہر ٹیم دو وکٹ کیپر بیٹسمینوں کے ساتھ جا رہی ہے، واحد پاکستان کی ٹیم ہے جس میں کوئی بیک اپ وکٹ کیپر موجود نہیں۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کا یہ فیصلہ میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ اگر کپتان وکٹ کیپر ہے تو کوئی اور کیپر ٹیم میں نہیں کھیل سکتا۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں سے پی ایس ایل میں اور پاکستان کے ہر ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں بطور بیٹسمین اور بطور وکٹ کیپر میری کارکردگی بہترین رہی ہے، اپنی عمدہ کارکردگی سے بار بار سلیکشن کمیٹی کا دروازہ کھٹکھٹاتا رہا ہوں مگر کپتان سرفراز احمد کے وکٹ کیپر ہونے کی وجہ سے کسی اور وکٹ کیپر کو اہمیت ہی نہیں دی جا رہی۔ کامران اکمل کا مزید کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں بطور بیٹسمین بھی کھیل سکتا ہوں مگر کوچ اور انضمام الحق کو پسند ناپسند سے فرصت ملے تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو اہمیت دیں۔