ورلڈکپ سے پہلے پاکستان ٹیم کی ناتجربہ کار باؤلنگ لائن اپ پاکستانی ٹیم کیلئے کافی مشکل کھڑی کر رہی ہے۔ باؤلرز حریف ٹیموں کو نہ صرف آل آؤٹ کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں بلکہ کافی مہنگے بھی ثابت ہو رہے ہیں۔ اس حوالے سے گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے ہمارے تمام باؤلرز اچھے ہیں مگر باؤلنگ میں کچھ خامیاں ہیں جن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سرفراز احمد کہتے ہیں ٹیم میں شامل تمام باؤلرز میں بھرپور صلاحیت موجود ہے لیکن تھوڑی محنت کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد باؤلنگ ایک مرتبہ پھر مضبوط نظر آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ انگلش ٹیم ایک روزہ کرکٹ کے نمبرون ٹیم اور دوسرے ایک روزہ میچ میں میزبان ٹیم نے ثابت کیا کہ وہ ایک مشکل حریف ہے لیکن ہماری ٹیم نے بھی زبردست مقابلہ کیا، بدقسمتی سے میچ نہ جیت سکے اور امید ہے آگے بہتر نتائج آئیں گے۔