پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین اسد شفیق کو ورلڈکپ میں قومی ٹیم سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔ اسد شفیق نے ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں تمام ٹیمیں مکمل تیاری اور جیتنے کے ارادے سے آئیں گی، ہر ٹیم کے ایک دوسرے سے میچز ہوں گے، یہ بات تو طے ہے کہ ورلڈکپ میں اس مرتبہ بہت دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ قومی ٹیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اگر یہی کارکردگی ورلڈکپ میں جاری رہی تو اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ اسد شفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے مگر باؤلنگ میں کچھ خامیاں نظر آ رہی ہیں، امید ہے ورلڈکپ سے قبل انھیں بھی ٹھیک کر لیا جائے گا۔