پاکستان ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین آصف علی کی ورلڈکپ کے حتمی اسکواڈ میں شمولیت انگلینڈ کے خلاف کارکردگی سے مشروط تھی اور انھوں مسلسل دو نصف سنچریاں بناکر ورلڈکپ کے لیے اپنا کیس مضبوط کرلیا ہے. آصف علی نے تیسرے ون ڈے میں 43 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی اور پاکستان کو 358 رنز تک پہنچنے میں مدد دی. دوسرے ون ڈے میں بھی آصف علی نے 36 گیندوں پر 51 رنز اسکور کیے تھے. سلیکشن کمیٹی کو انگلینڈ میں موجود 17 کھلاڑیوں میں سے 15 کا انتخاب کرنا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ آصف علی کی جگہ کس کھلاڑی کو ڈراپ کیا جائے گا. سلیکشن کمیٹی کو آصف علی کی پرفارمنس کے بعد عابد علی یا حارث سہیل کو ڈراپ کرنے کا سخت فیصلہ کرنا پڑ سکتا ہے.