انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان جاری پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں میزبان ٹیم کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان چوتھا ون ڈے میچ کل ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کے لیے بری خبر یہ ہے کہ ان کے کپتان اوئن مورگن یہ میچ نہیں کھیل سکیں گے کیونکہ تیسرے میچ میں وہ سلو اوور ریٹ کے مرتکب پائے گئے تھے جس پر آئی سی سی نے ایکشن لیتے ہوئے انھیں ایک میچ کے لیے معطل کر دیا ہے۔ ایک میچ کی معطلی کے ساتھ ساتھ اوئن مورگن کو میچ فیس کا چالیس فیصد جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ انگلش ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں پر بھی میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ایک سال کے دوران یہ دوسری دفعہ تھا کہ اوئن مورگن اور ان کی ٹیم سلو اوور ریٹ کی مرتکب پائی گئی جس وجہ سے انھیں ایک میچ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سے قبل رواں سال 22 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ان پر سلو اوور ریٹ کی وجہ سے جرمانہ کیا گیا تھا۔