پاکستان ٹیم کے اہم فاسٹ باؤلر محمد عامر کی انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ورلڈکپ میں شرکت کا حتمی فیصلہ آج ہو سکتا ہے۔ محمد عامر آج انگلینڈ میں اپنا چیک اپ کروائیں گے اور ڈاکٹر کی رپورٹ کی روشنی میں محمد عامر کی قسمت کا حتمی فیصلہ ہو گا۔ رپورٹ میں بہتری ہوئی تو محمد عامر کو انگلینڈ کے خلاف پانچواں ون ڈے کھلایا جا سکتا ہے تاہم چوتھے ون ڈے میں ان کی شرکت بہت مشکل ہے۔ گزشتہ دنوں محمد عامر چکن پاکس کی بیماری میں مبتلا ہو گئے تھے۔ محمد عامر اس وقت لندن میں اپنی فیملی کے ساتھ موجود ہیں۔ محمد عامر انفیکشن کے باعث دوسرا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے اور تیسرے میچ سے قبل ان میں چکن پاکس کی تشخیص ہوئی تھی۔ انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کی بری باؤلنگ پرفارمنس دیکھتے ہوئے ورلڈکپ میں محمد عامر کی شمولیت کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔