انگلینڈ اینڈ ویلز میں عالمی کپ کا میلہ 30 مئی سے شروع ہو گا جس سے قبل تمام ٹیمیں وارم اپ میچز کھیل کر خود کو تازہ دم کریں گی۔ وارم اپ میچز 24 سے 28 مئی تک شیڈول ہیں اور ہر روز دو میچز کھیلے جائیں گے۔ اس مرتبہ آئی سی سی نے ورلڈکپ کے تمام وارم اپ میچز کو براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل ہونے والے میگا ایونٹس میں بھارتی براڈکاسٹرز صرف بھارت کے وارم اپ میچز ہی براہ راست نشر کرتا تھا۔ 24 مئی کو کھیلے جانے والے ورام اپ میچز میں پاکستان اور افغانستان جبکہ سری لنکا اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ اگلے روز انگلینڈ اور آسٹریلیا جبکہ نیوزی لینڈ اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ 26 مئی کو پاکستان اور بنگلہ دیش جبکہ ویسٹ انڈیز اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ 27 مئی کو آسٹریلیا اور سری لنکا جبکہ انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ آخری روز بنگلہ دیش اور بھارت جبکہ ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں نبردآزما ہوں گی۔