انڈین پریمیر لیگ کے فائنل مقابلے میں چنائی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی رن آؤٹ ہوئے تو ان کے مداحوں نے تھرڈ امپائر کے فیصلے پر سوال اٹھانے شروع کر دیے۔ مہندر سنگھ دھونی کے رن آؤٹ کو لے کر سابق اور موجودہ کرکٹرز نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا جس میں نیوزی لینڈ کے جیمز نیشام بھی شامل تھے۔ کیوی کرکٹر نے اپنا فیصلہ تھرڈ امپائر کے حق میں دیا۔
اس کے بعد مہندر سنگھ دھونی کے مداحوں نے جیمز نیشام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور بالآخر انھیں یہ ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑ گئی۔ نیشام نے اپنے ٹویٹر میں پیغام میں لکھا کہ میں نے دھونی کے رن آؤٹ سے متعلق اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی ہے لیکن میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں۔
انھوں نے اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ احمق لوگ ایک دن میں کئی سو بار مجھے اس رن آؤٹ سے متلعق ٹویٹ میں گھسیٹ رہے تھے، مجھے ان کی کوئی پرواہ نہیں ہے اور برائے مہربانی مجھے دوبارہ اس معاملے میں مت لائیے گا۔