عالمی کپ کا آغاز ہونے میں محض چند دن رہ گئے ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈکپ کے لیے کمنٹیٹرز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈکپ میں 24 کمنٹیٹرز شائقین کو دوران میچ اپنے تبصروں سے محظوظ کریں گے۔ ورلڈکپ کے کمینٹری پینل میں پاکستان کے رمیز راجہ اور وسیم اکرم، جنوبی افریقہ کے گریم اسمتھ اور شان پولاک کو شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کے مائیکل کلارک، مائیکل سلیٹر اور مارک نکولس جبکہ بھارت سے تعلق رکھنے والے ہارشا بھوگلے، سوروو گنگولی اور سنجے منجریکر بھی کمینٹری ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ انگلینڈ کے ناصر حسین، مائیکل ایتھرٹن، این وارڈ جبکہ نیوزی لینڈ کے سائمن ڈول، برینڈن میک کولم اور این اسمتھ بھی ورلڈکپ میچوں کے دوران اپنی ماہرانہ رائے لوگوں تک پہنچائیں گے۔
بنگلہ دیش کے اطہر علی خان، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، زمبابوے کے پومی ایم بنگوا جبکہ ویسٹ انڈیز کے مائیکل ہولڈنگ اور این بشپ کو بھی کمینٹری پینل میں شامل کیا گیا ہے۔ اس مرتبہ ورلڈکپ کے کمینٹری پینل میں تین خواتین کمنٹیٹرز ایسا گوہا، میل جونز اور ایلیسن مچل بھی شامل ہیں۔ عالمی کپ کا آغاز رواں ماہ 30 مئی سے ہو گا۔