ورلڈکپ شروع ہونے میں اب کچھ ہی دن باقی ہیں ایسے میں ان فاسٹ باؤلرز کی ایک فہرست تیار کی گئی ہے جو میگا ایونٹ میں بیٹسمینوں کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتے ہیں۔ اس فہرست میں پانچ فاسٹ باؤلرز کو جگہ ملی ہے جس میں پاکستان کے حسن علی بھی شامل ہیں۔ بھارت کے فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ بھی اس فہرست میں موجود ہیں، انھیں اختتامی اوورز کا اسپیشلسٹ باؤلر قرار دیا جا رہا ہے۔ جنوبی افریقہ کے نوجوان فاسٹ باؤلر کگیسو رباڈا نے اپنی رفتار اور سوئنگ کی وجہ سے فہرست میں جگہ بنائی ہے۔ حسن علی نے 2017 میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں 13 وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔ مچل اسٹارک اور ٹرینٹ بولٹ 2015 ورلڈکپ کے کامیاب ترین باؤلرز تھے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان فاسٹ باؤلرز کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کی وکٹیں کڑا امتحان بھی ثابت ہوں گی۔