سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ برطانوی اخبار کو سلمان بٹ کے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی معلومات انھوں نے نہیں بلکہ ان کے دوست نے دی تھی۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی آج تک شک کرتے ہیں کہ انھیں میں نے پھنسایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچھا ہوا یہ کھلاڑی پکڑے گئے ورنہ پاکستان کرکٹ کا بہت برا حال ہوتا۔ اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ واقعہ سے پہلے سلمان بٹ سے پوچھا تو انھوں نے انکار کیا اور مجھ سے جھوٹ بولا۔ وقار یونس پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ جب تک وقار یونس کھلاڑی تھے تو ہمارے تعلقات اچھے تھے مگر کپتان بننے کے بعد ان کا رویہ ہی بدل گیا جبکہ کوچ بننے کے بعد تو انھوں نے ٹیم میں گروپنگ بھی کی۔