ورلڈکپ سے پہلے سرفراز احمد کی بیٹنگ پر کافی سوال اٹھائے جا رہے تھے اور انھوں نے کہا تھا کہ وہ پانچ نمبر پر ہی بیٹنگ کریں گے مگر اس سیریز میں بھی ان کا کوئی ایک نمبر سیٹ نظر نہیں آیا لیکن رنز بنانے کے اعتبار سے کپتان کے لیے سیریز اچھی ثابت ہوئی۔ پہلا ون ڈے بارش کی نذر ہوا تو دوسرے ون ڈے میں سرفراز احمد نے ناقابل شکست 41 رنز اسکور کیے۔ تیسرے ون ڈے میں 27 رنز بنائے تو چوتھے ون ڈے میں 21 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ آخری ون ڈے میں ابتدائی تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد سرفراز احمد نے شاندار اننگز کھیلی اور 97 رنز بنا کر جوز بٹلر کی شاندار کیپنگ کے باعث آؤٹ ہوئے۔ سرفراز احمد نے 4 اننگز میں 93 کی اوسط سے 186 رنز اسکور کیے جو ورلڈکپ سے پہلے پاکستان ٹیم کے لیے نیک شگون ہے۔