تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز اسکور کیے۔ تذمین برٹز 70 اور ڈی کلرک 36 رنز بنا کر نمایاں بیٹرز رہیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی تین وکٹیں تین رنز پر گر گئیں۔ اس کے بعد ندا ڈار اور ارم جاوید نے شاندار پارٹنرشپ قائم کی۔ ندا ڈار نے 32 اور ارم جاوید نے 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ آخر میں عالیہ ریاض نے 30 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شاندار نصف سنچری اسکور کرنے والی ارم جاوید میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ قومی ٹیم نے دوسری کامیابی حاصل کر کے پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ 22 مئی کو کھیلا جائے گا۔