شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف پانچویں ایک روزہ میچ میں چار وکٹیں تو حاصل کیں لیکن رنز بھی کافی دیے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں 82 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔ نوجوان فاسٹ باؤلر نے اوپننگ بیٹسمین جیمز ونس، جونی بیئرسٹو، اوئن مورگن اور کرس ووکس کا شکار کیا مگر انھوں نے ایک منفی ریکارڈ بھی بنا دیا۔
وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پہلے بولر بن گئے ہیں جنہوں نے مسلسل تین میچوں میں بولنگ کرتے ہوئے 80 یا اس سے زائد رنز دیے۔ دوسرے ایک روزہ میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ پر 80 رنز بنے تھے اور انھوں نے ایک وکٹ حاصل کی تھی جبکہ تیسرے میچ میں بھی ان کی خوب پٹائی ہوئی اور کوئی وکٹ حاصل کیے بغیر فاسٹ بولر نے 83 رنز دیے تھے۔