انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے پہلے بابر اعظم کا انگلش سرزمین پر ریکارڈ کچھ اچھا نہیں تھا مگر انگلش ٹیم کے خلاف انھوں نے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈکپ سے پہلے اعتماد حاصل کر لیا ہے۔ بابر اعظم نے ون ڈے سیریز کے پانچوں میچز کھیلے۔ انھوں نے پہلے میچ میں 16، دوسرے میں 51، تیسرے میچ میں 15 جبکہ چوتھے میچ میں 115 رنز کی زبردست اننگز کھیلی۔ کرکٹ ماہرین اور شائقین نے ان کی اس سنچری کو سست اور "خودغرض اننگز" قرار دیا۔ اس کے بعد پانچویں میچ میں تین وکٹیں صرف چھ رنز پر گرنے کے بعد بابر اعظم نے ایک بار پھر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا اور 80 رنز اسکور کر کے ناقدین کو کرارا جواب دیا۔ بابر اعظم نے پانچ میچوں کی سیریز میں 277 رنز بنائے۔