لاہور سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ عابد علی نے گزشتہ سال نیوزی لینڈ اے اور انگلینڈ لائنز کے خلاف شاندار پرفارمنس دکھائی۔ اس کے بعد انھیں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں موقع دیا گیا تو انھوں نے ڈیبیو پر سنچری اسکور کر ڈالی۔ اس پرفارمنس کی بدولت انھیں دورہ انگلینڈ پر بھی بھیجا گیا۔ اوپنرز اور مڈل آرڈر کی تسلی بخش پرفارمنس کی بناء پر عابد علی کو صرف ایک میچ کھیلایا گیا۔ چوتھے ایک روزہ میچ کے دوران امام الحق کی انجری کے بعد پانچویں میچ میں عابد علی کو موقع دیا گیا لیکن شاید قسمت بھی عابد علی کا ساتھ نہیں دے رہی۔ اوپننگ بیٹسمین صرف پانچ رنز ہی بنا سکے تھے کہ کرس ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ عابد علی کو ورلڈکپ ٹیم سے بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انھیں ٹیم سے ڈراپ کرنے کے فیصلے کو مشکل فیصلہ قرار دیا ہے۔