انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والی پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیموں کے بیٹسمینوں نے جم کر بولرز کی پٹائی کی۔ ایک وقت میں انگلینڈ کی پچز بیٹسمینوں کے لیے مشکل ہوتی تھیں لیکن گزشتہ تین سال سے یہی پچز بیٹسمینوں کے لیے سازگار ثابت ہو رہی ہیں جبکہ بولرز بےبس نظر آ رہے ہیں۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان بھی گیند اور بلے کے درمیان قائم ہونے والے عدم توازن سے مطمئن نہیں ہیں۔ انھوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ دو نئی گیندوں کے باوجود گیند سوئنگ نہیں ہو رہی، پچز بھی فیلٹ ہیں اور یہ کرکٹ کے لیے کسی صورت اچھا نہیں ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز میں عالمی کپ 30 مئی سے شروع ہو گا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میگا ایونٹ میں بھی بولرز کا مشکل امتحان ہو گا جبکہ بیٹسمین رنز کا انبار لگا دیں گے۔