قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ اسکواڈ سے ڈراپ ہونے والے فہیم اشرف اور عابد علی پاکستان نہیں آئیں گے بلکہ انگلینڈ میں ہی قیام کریں گے۔ پریس کانفرنس میں اضافی وکٹ کیپر نہ ہونے کے سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ محمد رضوان کو بھی انگلینڈ بھیج رہے ہیں، خدانخواستہ اگر سرفراز کو انجری ہوئی تو وہ فوراََ ٹیم کو دستیاب ہوں گے جبکہ یاسر شاہ اور جنید خان کو انگلینڈ سے واپس بلا لیا گیا ہے۔
انضمام الحق نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو انگلینڈ میں روکنے کا مقصد یہ ہے کہ انھیں کنڈیشنز سے ہم آہنگ کیا جا سکے، پاکستان سے واپس انگلینڈ بھیجا جائے گا تو انھیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ دس میچز میں لگاتار وکٹ کیپنگ کرنا آسان نہیں مگر مجھے امید ہے کہ سرفراز احمد یہ ذمہ داری بخوبی نبھا لیں گے۔