ماضی کے عظیم کھلاڑی یونس خان کے بعد پاکستان کی تاریخ کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے بھی قومی انڈر-19 ٹیم کی کوچنگ سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مصباح الحق نے نجی مصروفیات کی وجہ سے بورڈ کی پرکشش پیشکش کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے وہ پہلے سے طےشدہ مصروفیات کے باعث بورڈ کے ساتھ کام نہیں کر سکتے ہیں۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اگلے تین سال کے لیے ان کی مصروفیات طے ہیں، اس لیے وہ پاکستان انڈر-19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈکوچ نہیں بن سکتے۔ اس سے قبل سابق کپتان یونس خان نے مالی معاملات طے نہ ہونے کے باعث پی سی بی کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی یونس خان کو 11 لاکھ روپے تنخواہ دینے کے لیے راضی تھا مگر یونس خان 15 لاکھ پر ڈٹے رہے۔