سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد نے ورلڈکپ اسکواد میں وہاب ریاض کی شمولیت کو خوش آئند جبکہ عامر کی شمولیت کو حیران کن قرار دیا ہے۔ اعجاز احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عامر کو کوئی میچ کھلائے بغیر میگا ایونٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ سمجھ سے باہر ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ محمد عامر حریف ٹیموں کے لیے خطرہ بنتے ہیں یا پھر پاکستانی ٹیم کیلئے بوجھ۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ ورلڈکپ میں ساری توقعات کا مرکز محمد عامر ہوں گے جس وجہ سے ان پر پریشر بڑھے گا۔ انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں وہاب ریاض کو پہلے ہی منتخب کر لینا چاہیے تھا، وہ انگلش وکٹوں پر ریورس سوئنگ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ اعجاز احمد کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی بیٹسمینوں نے اس سیریز میں رنز کیے ہیں جو بہت اچھی بات ہے لیکن اسٹرائیک ریٹ بڑھانے کی ضرورت ہے، ٹیم کو بولنگ اور فیلڈنگ کی وجہ سے مسئلہ ہے اور ان چیزوں کو ٹھیک کرنا ہو گا۔