سابق آسٹریلوی کرکٹر مارک وا نے بولرز کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ میں پچز بیٹنگ کے لیے سازگار ہیں اور چھوٹے گراؤنڈ ہونے کی وجہ سے ورلڈکپ میں 500 رنز بھی بن سکتے ہیں۔ گزشتہ سال انگلش کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو ٹرینٹ برج کے گراؤنڈ پر ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف (482) ہدف دیا تھا۔ مارک وا کو یقین ہے کہ ورلڈکپ میں یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ 500 رنز کا ہدف سننے میں ناممکن لگتا ہے مگر جب ایک مضبوط ٹیم اور کمزور ٹیم آمنے سامنے ہو گی تو ممکن ہے کہ اس سے بھی زیادہ رنز بن جائیں۔ مارک وا کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں بڑے بڑے بولرز کو بھی مشکلات کا سامنا ہو گا۔ انہوں نے انگلینڈ اور پاکستان کی سیریز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سیریز کے چاروں میچ ہائی اسکورنگ ہوئے تھے اور ورلڈکپ میں بھی یہی دیکھنے کو ملے گا۔