بھارتی ٹیم کے ہیڈکوچ روی شاستری کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ جیتنے کے لیے بھارتی ٹیم کو کچھ مختلف کرنے کی ضرورت نہیں جس طرح سے ٹیم نے گزشتہ دو، تین سال میں پرفارم کیا ہے اگر وہی پرفارمنس ورلڈکپ میں رہی تو بھارتی ٹیم تیسری مرتبہ ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ روی شاستری نے کہا کہ اس مرتبہ ورلڈکپ کے میچز آسان نہیں ہوں گے، تمام ہی ٹیمیں مضبوط ہیں، پوری تیاری کے ساتھ آ رہی ہیں، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیموں پر نظر ڈالی جائے تو وہ کسی بھی حریف ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ بھارتی ہیڈکوچ کا مزید کہنا تھا کہ حال ہی میں انگلینڈ اور پاکستان کی سیریز میں ہم نے دیکھا کہ کنڈیشنز مکمل طور پر بیٹسمینوں کے لیے سازگار ہیں اور یہ ہمارے لیے فائدہ مند ہو گا کیونکہ بھارتی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ بہت مضبوط ہے۔