انگلینڈ کے حتمی ورلڈکپ اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جس میں تین نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ایلکس ہیلز کی جگہ جیمز ونس کو موقع دیا گیا ہے، ڈیوڈ وِلے اور جو ڈینلے کو ٹیم سے ڈراپ کر کے جوفرا آرچر اور آل راؤنڈر لیام ڈاسن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ میگا ایونٹ میں انگلش ٹیم کی قیادت اوئن مورگن ہی کریں گے۔
دیگر کھلاڑیوں میں معین علی، جونی بیئرسٹو، جوز بٹلر، ٹام کرن، لیام پلنکٹ، عادل رشید، جوئے روٹ، جیسن روئے، بین اسٹوکس، کرس ووکس اور مارک ووڈ شامل ہیں۔ انگلینڈ اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں 30 مئی کو ٹکرائیں گی۔
حال ہی میں انگلش ٹیم نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 0-4 سے کامیابی حاصل کی ہے۔ ورلڈکپ میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان میچ 3 جون کو ناٹنگھم کے میدان پر کھیلا جائے گا۔