پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے فاسٹ بولر حسن علی انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے تھے تاہم انھوں نے ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار ضرور کیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ ورلڈکپ میں سو فیصد پرفارمنس دے کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کروانے کی بھرپور کوشش کروں گا اور جس طرح قوم نے چیمپئنز ٹرافی کا جشن منایا تھا ویسا ہی جشن دوبارہ منانے کے لیے تیار ہو جائے۔ حسن علی کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ میں صرف پاکستان اور بھارت کا میچ نہیں ہے، میگا ایونٹ میں دیگر میچز بھی ہیں، ہاں یہ بات درست ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے اور دنیا اسے دیکھتی بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ ایک پریشر میچ ہوتا ہے جس میں وہی جیتے گا جو اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے بہترین کھیل پیش کرے گا۔