قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے انگلینڈ کیخلاف ہونے والی سیریز ورلڈکپ میں ٹیم کیلئے بہت مددگار ثابت ہو گی۔ سرفراز احمد کے مطابق گرین شرٹس کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا مگر ٹیم کا کافی فائدہ بھی ہوا کیونکہ ہمیں ہماری خامیاں پتہ لگ گئیں جن پر قابو پا لیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ سیریز بیٹسمینوں کے لیے کافی سودمند ثابت ہوئی، ورلڈکپ سے قبل بیٹسمینوں کی جانب سے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ٹیم کیلئے بہت اچھا ہے البتہ فیلڈنگ اور بولنگ پر سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
سرفراز احمد نے مزید کہا کہ میری ٹیم میگا ایونٹ کیلئے تیار ہے اور ورلڈکپ میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے کامیابی حاصل کریں گے۔ پاکستان ٹیم کے کپتان نے قوم سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔