ورلڈکپ کے لیے انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس نے خاص ٹریننگ شروع کر دی ہے اور وہ اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے کے لیے اکیلے ہی سخت محنت میں لگے ہوئے ہیں۔ بین اسٹوکس سندرلینڈ میں واقع شیپنگ یارڈ ویئرہاؤس میں بیٹنگ اور بولنگ دونوں پر سخت محنت کر رہے ہیں۔ بین اسٹوکس نے کہا کہ ورلڈکپ کے لیے کافی پرجوش ہوں اور میگا ایونٹ کے فوری بعد ہی ایشیز سیریز ہے اس لیے یہ سال ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ایشیز سیریز اس مرتبہ کافی دلچسپ ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ اپنی بھرپور تیاری کر رہا ہوں اور اب ورلڈکپ کا انتظار نہیں ہو رہا۔ بین اسٹوکس نے مزید کہا کہ ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کے بعد ہوٹل یا گھر میں رہنے کا فائدہ نہیں، جتنی زیادہ ٹریننگ ہو گی پرفارمنس بھی اتنی ہی اچھی ہو گی۔