Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
View All Matches

ورلڈکپ سے پہلے قومی ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ شاہینوں کی شکستوں کا سلسلہ ورلڈکپ وارم اپ میچز میں بھی نہ تھم سکا۔ افغانستان نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر شاہینوں کی میگا ایونٹ کے لیے تیاریوں کا پول کھول دیا۔ برسٹل میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان اور امام الحق نے 47 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ امام 32 اور فخر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
حارث سہیل ایک اور محمد حفیظ 12 رنز بنا سکے جبکہ شعیب ملک نے 44 رنز اسکور کیے۔ بابر اعظم نے 112 رنز کی اننگز کھیل کر قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ 263 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حضرت اللہ زازئی اور محمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو دھواں دھار آغاز دیا۔ شہزاد 23 رنزبنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ حضرت اللہ نے 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
رحمت شاہ نے 32، سمیع اللہ نے 22 اور محمد نبی نے 34 رنز بنا کر افغانستان کی فتح میں حصہ ڈالا۔ حشمت اللہ نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور آخری اوور میں ہدف حاصل کر کے افغان ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ پاکستان ٹیم دوسرے وارم اپ میچ میں کل بنگلہ دیش سے ٹکرائے گی۔