ورلڈکپ کے آغاز سے پہلے انگلینڈ نے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کی جس میں انگلش ٹیم کو 0-4 سے کامیابی ملی۔ ون ڈے سیریز کے دوران دونوں ٹیموں کے بیٹسمینوں نے خوب رنز بنائے لیکن بولرز مشکلات کا شکار نظر آ رہے۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز کی ناقص کارکردگی پر بولنگ کوچ اظہر محمود کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے بولنگ کوچ کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کام صرف اتنا ہے کہ وہ بولرز کو بتائیں کہ کس طرح بولنگ کرنی ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ وہ پریکٹس سیشن میں بولرز کے ساتھ اپنا پسینہ بہا سکتے ہیں لیکن میدان کے اندر بولرز کو پلان کے مطابق بولنگ کرنا ہو گی۔ اظہر محمود 2016 سے پاکستان ٹیم کے بولنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔