سابق بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر نے ملک میں ہونے والے لوک سبھا کے عام انتخابات میں بھارتی جنتہ پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ گوتم گمبھیر نے 6 لاکھ 96 ہزار ایک سو 56 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما اروندر سنگھ نے 3 لاکھ 4 ہزار 9 سو 34 ووٹ حاصل کیے۔ گوتم گمبھیر نے الیکشن سے پہلے اعلان کیا تھا کہ اگر وہ کامیاب ہوئے تو اپنی جماعت سے مطالبہ کریں گے کہ ورلڈکپ میں بھارت کو پاکستان کے خلاف میچ سے روکا جائے۔ شاہد آفریدی نے گوتم گمبھیر کے بیان پر دوبارہ ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ پڑھی لکھی قوم کے لوگ ایسی بات کرتے ہیں؟ بوم بوم نے کہا کہ گوتم گمبھیر نے بیوقوفوں والی بات کی ہے اور بھارتی عوام نے بھی ان لوگوں کو ووٹ دے دیا ہے جن کو عقل ہی نہیں ہے۔