سابق پاکستانی بیٹسمین باسط علی نے انکشافات کی نئی پٹاری کھولنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ایک انٹرویو میں باسط علی سے سوال ہوا کہ آپ نے کم کرکٹ کیوں کھیلی؟ انھوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہی ہوا کم کرکٹ کھیلی۔ باسط علی نے کہا کہ میری کیریئر کی شروعات ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے ہوئی اور اللہ تعالیٰ نے بہت عزت دی۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ وقار یونس، انضمام الحق اور راشد لطیف نے میری بہت مدد کی، اس کے بعد اللہ تعالیٰ ہر چیز کرتا رہا اور پھر میرے خلاف بغاوت ہوئی جس میں سارے شامل تھے۔ باسط علی نے کہا کہ اس بغاوت کے دوران ایک کرکٹر بار بار کہتا تھا کہ میں باسط کو نہیں چھوڑوں گا۔ انھوں نے اس کرکٹر کا نام بتانے سے گریز کیا اور کہا کہ بہت جلد وہ سب کچھ سامنے لائیں گے۔