قومی ٹیم کے جارح مزاج بیٹسمین آصف علی کی بیٹی نور فاطمہ کئی ماہ سے کینسر کی بیماری سے لڑ رہی تھی۔ آصف علی کی بیٹی امریکہ میں زیرعلاج تھی جہاں چند دن قبل وہ انتقال کر گئی۔ یہ افسوسناک خبر جب بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر تک پہنچی تو انھوں نے بھی آصف علی سے اظہار افسوس کیا۔
تفصیلات کے مطابق سچن ٹنڈولکر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ میری دعائیں آصف علی اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آصف علی کے لیے یہ نقصان ناقابل برداشت ہے اور ان کے لیے یہ سب کچھ بھلانا بالکل آسان نہیں ہو گا۔
آصف علی اپنی بیٹی کی وفات کے بعد وطن واپس آ گئے تھے جس کی تدفین فیصل آباد میں کر دی گئی ہے۔ آصف علی دوسرے وارم اپ میچ سے قبل کارڈف میں قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔