مصباح الحق کو کرکٹ چھوڑے کافی عرصہ بیت گیا ہے مگر کرکٹ سے ان کا لگاؤ ختم نہیں ہو رہا۔ مصباح الحق، احمد شہزاد، سعید اجمل اور دیگر کرکٹرز پی سی بی کے لیول ٹو کوچنگ کورس میں شریک ہیں۔ کوچنگ کورس کے دوران کھلاڑیوں کو کوچنگ اسکلز، ویڈیوز کا تجزیہ اور مختلف طریقے سکھائے جا رہے ہیں۔ یہ کوچنگ کورس چار روز تک جاری رہے گا۔
ڈائریکٹر اکیڈمیز مدثر نذر کا کہنا ہے کہ کورس سے کھلاڑیوں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا اور یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ کافی کرکٹرز ریٹائرمنٹ کے باوجود پاکستان کرکٹ کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔
کورس میں شرکت کرنے والے مصباح الحق نے کہا کہ کوچنگ اور کھیلنا دو الگ چیزیں ہیں، امید ہے اس کورس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ عمر گل، عبد الرحمان اور احمد شہزاد سمیت دیگر کرکٹرز نے بھی کورس کو اپنے لیے مفید قرار دیا۔