پاکستان ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں شکست کے باوجود مایوس نہیں ہوئے اور انھیں امید ہے کہ پاکستان اس ورلڈکپ میں سب کو حیران کر دے گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کے بیٹنگ مسائل حل ہو چکے ہیں، وہاب ریاض اور محمد عامر کی واپسی سے بولنگ بھی بہتری کی جانب گامزن ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا سب سے بڑا مسئلہ فیلڈنگ ہے جو ورلڈکپ سے پہلے ٹھیک ہو جانی چاہیے۔ سابق کوچ نے کہا کہ پاکستان نے 1992 ورلڈکپ میں سب کو حیران کیا اور مجھے امید ہے کہ اس مرتبہ بھی ایسا ہی ہو گا۔ وقار یونس نے مزید کہا کہ پاکستان کو ابتدائی دو، تین میچز ضرور جیتنا ہوں گے کیونکہ اگر ان میچز میں شکست ہوئی تو واپسی بہت مشکل ہو جائے گی۔