چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کو میگا ایونٹ میں فتح حاصل کرنے کے لیے سب سے پہلے بہترین شروعات کرنی ہو گی، ابتدائی مرحلے میں اگر ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو کھلاڑیوں کو مزید اعتماد حاصل ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کو ورلڈکپ میں کسی بھی ٹیم کو کمتر سمجھنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے، انگلینڈ ہو یا پھر افغانستان تمام ٹیموں کے خلاف میچ جیتنے کے لیے سخت محنت کرنا ہو گی۔ انضمام الحق کے مطابق محمد عامر اور وہاب ریاض کی ٹیم میں واپسی سے بولنگ لائن بہت مضبوط ہو گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈکپ میں کامیابی کا زیادہ دارومدار بولرز کے کندھوں پر ہو گا، اگر بولرز نے پرفارم کیا تو ٹیم کا ٹاپ چار ٹیموں میں رسائی حاصل کرنا آسان ہو گا۔ اس کے علاوہ انضمام الحق نے سیمی فائنل کیلئے اپنی چار فیورٹ ٹیم بھی بتا دیں جس میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔