ساؤتھ افریقہ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد ایک سال کی سزا بھگتنے کے باوجود اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی مشکلات کم نہیں ہو سکیں۔ وارم اپ میچ کے دوران انگلش شائقین کرکٹ نے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ اور اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کے خلاف میدان میں نعرے لگا دیے۔ اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کے میدان میں اترتے ہی ساؤتھمیپٹن اسٹیڈیم "دھوکے باز، دھوکے باز" کے نعروں سے گونج اٹھا جبکہ اسٹیو اسمتھ کے ساتھ بھی شائقین نے ایسا ہی سلوک کیا۔ وارم اپ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے اسٹیو اسمتھ نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب میں میدان میں اترا تو مجھے شائقین کی جانب سے عجیب ردعمل دیکھنے کو ملا مگر میری کوشش یہی ہے کہ ان سب چیزوں پر دھیان دینے کے بجائے اپنی پرفارمنس پر توجہ دوں۔ انھوں نے کہا کہ میری پوری ٹیم مجھے سپورٹ کر رہی ہے اور میرا محض ایک ہی ہدف ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح دلاؤں۔