پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے پاکستان ٹیم مینجمنٹ کو مشورہ دیا ہے کہ ورلڈکپ میں نئی گیند سے حسن علی اور محمد عامر کو بولنگ کروائی جائے۔ شعیب اختر نے کہا کہ انگلینڈ میں جس طرح کی پچز ہیں وہ یقیناََ حسن علی کو مدد فراہم کریں گی۔ سابق فاسٹ بولر افغانستان کے خلاف وارم اپ میچ میں وہاب ریاض کی بولنگ سے بھی خوش نظر آئے۔ انھوں نے کہا کہ جب گیند پرانی ہو جاتی ہے تو وہاب ریاض جیسے بولر ٹیم کے لیے سودمند ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے خلاف میچ میں ہم نے دیکھا کہ اختتامی اوورز میں وہاب ریاض جیسے بولر کی کتنی ضرورت ہے۔ شعیب اختر نے مزید کہا کہ اس ورلڈکپ میں اسپن بولرز کا کردار بھی بہت اہم ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ شاداب خان، عماد وسیم، محمد حفیظ اور شعیب ملک سے زیادہ سے زیادہ بولنگ کروائی جائے۔