پاکستان کرکٹ ٹیم کو گزشتہ دس ون ڈے میچز میں مسلسل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ ورلڈکپ کے پہلے وارم اپ میچ میں قومی ٹیم کو آئی سی سی رینکنگ میں 10ویں نمبر پر موجود افغانستان کے ہاتھوں بھی شکست ہوئی تاہم کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں اور شکستوں سے ٹیم کی کارکردگی متاثر نہیں ہو گی۔ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچوں میں پاکستان کی کارکردگی اچھی نہیں رہی مگر ورلڈکپ میں ہم نے سارے میچز انگلینڈ اور آسٹریلیا کیخلاف نہیں کھیلنے۔ انھوں نے کہا کہ تمام ہی کھلاڑی ورلڈکپ میں پرفارم کرنے کیلئے پرجوش ہیں اور میگا ایونٹ کی ابتداء اچھے انداز میں کریں گے۔ اس کے علاوہ پاک بھارت میچ پر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف میچ میں شائقین کی توقعات ٹیم سے بہت زیادہ ہوتی ہیں، ہم پوری کوشش کریں گے کہ بھارت سمیت تمام ٹیموں کے کیخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔